محکمہ ہیلتھ کی نا اہلی یا غفلت، خسرہ اور رو بیلا مہم میں بد انتظامی، بچوں کو دو دو ٹیکے لگائے جانے کا انکشاف

پنڈدادنخان: محکمہ ہیلتھ کی نا اہلی یا غفلت، خسرہ اور رو بیلا مہم میں بد انتظامی کا سلسلہ جاری، گھر گھر جانے والی ٹیموں اور سکول ٹیم میں ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث بچوں کو ڈبل ڈوز لگائی جانے لگی، نشاندہی کے باوجود متعلقہ حکام خاموش، افسران بالا کو سب اچھا کی رپورٹ۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں خسرہ اور روبیلا مہم شدید بد انتظامی کا شکار ہے، متعدد مقامات پر بچوں کو ڈبل ڈوز لگائی جانے لگی، خسرہ اور روبیلا مہم میں گھر گھر جانے والی ٹیموں اور سکول جانے والی ٹیموں میں ہم آہنگی نہ ہو نے کے باعث ایسے واقعات روز کی بنا پر سامنے آرہے ہیں مگر متعلقہ حکام خاموش ہیں۔
چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام نہ ہونے کے باعث والدین غیر مطمئن ہیں جبکہ افسران اوپر سب اچھا کی رپورٹ دیتے ہیں اور روز کی بنا پر فرضی میٹنگ کر کے خوش گپیاں لگاتے ہیں، اگر متعلقہ افسران مہم میں دلچسپی لیں تو اس طرح کے واقعات سامنے نہ آئیں۔
یاد رہے اس سے قبل بھی پنڈدادنخان کے علاقہ کندوال میں خسرہ ٹیم نے پرائیویٹ سکول کے دو بچوں کو ڈبل ڈوز لگائی تھی، معاملہ سامنے آنے پر ڈاکٹر نے والدین کو تسلیاں دے کر ٹال دیا جبکہ DDHO نے معاملہ دبا دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق خسرہ روبیلا مہم کے دوران بڑے پیمانے پر مہم صرف کاغذی کارروائی تک جاری ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔