جہلم

جہلم کی سبزی منڈی گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل، ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کی زندگی اجیرن

جہلم: سبزی منڈی گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل ، تعفن اور بدبو پھیلنے سے خریداروں سمیت ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کی زندگی اجیرن ، ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر،، عوامی ، شہری ، سماجی ، رفاعی ، فلاحی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ،ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ریلوے لائن جادہ سے ملحقہ جگہ پر قائم سبزی منڈی مکینوں کے لئے عذاب بن چکی ہے ، سبزی و فروٹ منڈی میں مبینہ طور پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ہونے کی وجہ سے بارشوں کے دنوں میں تعفن اور بدبو اسقدر زیادہ ہوجاتی ہے کہ منڈی سے گزرتے وقت صارفین سمیت راہگیروں کو سانس لینے میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔

بارشوں کی وجہ سے سبزی منڈی میں جگہ جگہ بارشی پانی کھڑا ہونے کیوجہ سے ہر طرف کیچڑ ہی کیچڑ نظر آتا ہے ، منڈی میں اشیاء خوردونوش خریدنے کے لئے آنے والے صارفین کیچڑ کی وجہ سے مشکلات میں مبتلا ہو جاتے ہیں ،راہگیروں کے جوتے کپڑے کیچڑ کیوجہ سے تباہ و برباد ہوجاتے ہیں۔

صفائی ستھرائی اور بارشی پانی کا مناسب نکاسی کا نظام نہ ہونا میونسپل کمیٹی و ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، جگہ جگہ کھڑے گندے پانی کے جوہڑوں کیوجہ سے مچھروں کی افزائش نسل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ، صبح اور شام کے اوقات میں پھل و سبزیاں لانے والے ٹرکوں، لوڈر رکشوں ، چنگ چی رکشوں، گدھا گاڑیوں ، ریڑھی بانوں کی وجہ سے سڑک سے گزرنے والی ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہو تا ہے۔

اسی وجہ سے سبزی و فروٹ منڈی جہاں شہریوں کی زندگیوں کے لئے عذاب بن چکی ہے وہیں تاجر برادری کے کارروبار پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ،سبزی وفروٹ منڈی کی جگہ کم ہونے کی وجہ سے رش میں چوری چکاری ، جیب تراشی کی وارداتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔

سبزی و فروٹ منڈی کے مسائل میں اضافہ ہونے سے شہری تنظیموں کے عہدیداروں سمیت عوامی ، سماجی ،رفاعی ، فلاحی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button