سوہاوہپڑی درویزہاہم خبریں

بلاول بھٹو بی بی شہید کی نشانی ہیں اور سوشلزم پی پی پی کی آخری منزل ہے۔ مرزا عبدالغفار

پڑی درویزہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی 34 ویں سالگرہ کے موقع پر پورے پاکستان کی طرح پی پی پی تحصیل سوہاوہ کے دفتر میں بھی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی ضلع جہلم کے جنرل سیکریٹری مرزا عبد الغفار نے کی جبکہ پی پی پی خواتین ونگ تحصیل سوہاوہ کی صدر محترمہ روبینہ بیگم مہمان خصوصی تھیں ۔پی پی پی خواتین ونگ تحصیل کی جنرل سیکریٹری محترمہ بشریٰ مشتاق پہلی مرتبہ شامل ہوئیں ۔

مرزا عبدالغفار نے پی پی پی کا جھنڈا خوبصورت انداز میں موصوفہ کو پہنایا، تقریب میں سالگرہ کا خصوصی کیک کاٹا گیا ۔ بلاول بھٹو کی عمر 34 سال ہونے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو دلی مبارک باد کا خصوصی پیغام دیا گیا ۔

تقریب سے صدر مرزا عبدالغفار اور مقامی صحافی ، معروف کالم نگار پروفیسر افتخار محمود نے سیاسی عقل و دانش پر مبنی خطاب کرتے ہوئے پا کستان پیپلز پارٹی کے بنیادی منشور کی دوسری شک ’’سوشلزم ہماری معیشت ہے ‘‘پر تفصیلی گفتگو کی۔

مولانہ حسرت موہانی کی شاعری، ساحر لدھیانوی کی انقلابی نظم ’’ یہ دنیا دو رنگی ہے ‘‘ کے آخری مصرع ’’نئے سرے سے کرنا ہو گا دولت کا بٹوارا‘‘ کی تشریح کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پی پی پی کی پہلی اور آخری منزل پاکستان کا معاشی نظام تبدیل کر کے ذرائع پیداوار و خدمات کو قومی ملکیت میں لانا اور برابر تقسیم کرنا ہے ۔ جس نظام کے تحت ہر شہری کو روزگار ، رہائش ، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی مفت ضمانت دی جاتی ہے ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ جاگیرداری کا خاتمہ تمام ملکی ذرائع پیداوار کی نجی (ذاتی )ملکیت کے خاتمے کے اندر مضمر ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ سیاست منشور پر ہونی چاہیے نہ کہ عقائد یا مسلکی تضادات پر یا ذاتی اختلاف پر ہونے چاہیں جبکہ پاکستان کے عوام کو جذبات ، آزاد سرمایہ داری کے چنگل میں پھنسایا گیا ہے ۔ پی پی پی ایک نظریہ پر یقین رکھتی ہے وہ ہے پورے ملک میں اصل دست دولت آفرین یعنی محنت کش طبقہ کی حکومت ہو۔ یہی بات پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور میں بنیادی نکتہ ہے ۔

مقامی صحافی پروفیسر افتخار محمود نے تجویز دی کہ پارٹی کارکنان کی سیاسی فکری تربیت کا باقاعدہ بندوبست کرنا چاہیے جو تقریب میں موجود شرکاء نے پسند کی اور تجویز کی بھرپور حمایت کی ۔ بلاول بھٹو کی سالگرہ کی تقریب میں پی پی پی کے عہدیداران میں پی پی سٹی صدر سوہاوہ شوکت علی بھی شامل تھے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button