
جہلم: اولڈجی ٹی روڈ جہلم کی تعمیر نو کا کام جاری، نکاسی آب کا کوئی نظام نہ بنایا گیا ، نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے ہی سڑک تباہ ہوجاتی ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم سے توجہ کی اپیل۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ جی ٹی روڈ جہلم جو طویل عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی کی تعمیر نو کیلئے چند ماہ قبل ٹھیکہ دیا گیا لیکن نئے ٹھیکیدار نے بھی سڑک کی تعمیر کے دوران سڑک کے اطراف میں بارشی پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ نئی تعمیرہونے والی روڈ بھی شاید زیادہ دن نہ چل سکے۔
سڑک کے اطراف میں دوکانداروں نے اپنی سائیڈوں کو سڑک سے اونچا کر کے اور پختہ کرنے کے بعد دوکانوں ، مارکیٹوں اور بارشی کے پانی کو سڑک پر راستہ دیا ہوا ہے جبکہ سڑک کے نیچے باقاعدہ سیوریج لائن موجود ہونے کے باوجود پانی کی سیوریج لائن تک رسائی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سڑک تباہی کا شکار ہو جاتی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اولڈ جی ٹی روڈ کی تعمیر کے دوران یا تو اطراف میں نالے بنوانے کا انتظام کریں یا سیورئج لائنوں میں پانی کی رسائی کیلئے ہدایات جاری کریں ۔