جہلماہم خبریں

میاں محمودالرشید نے جہلم میں 2 ارب 10 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

جہلم: وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے جمعہ کے روزجہلم میں پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت 2 ارب 10 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد، کوآرڈینیٹر پنجاب سٹیز پروگرام محمد اشرف سوہنا اور ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ بھی موجود تھے۔

میاں محمود الرشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے شہروں کی ترقی کے لیے ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب سٹیز پروگرام شروع کیا گیا ہے، اب جہلم شہر میں صفائی کا نظام ماضی کی نسبت بہت بہتر ہو جائے گا۔ صفائی اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولیں ترجیح ہے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ اب نالوں کا گندہ پانی دریا میں نہیں پھینکا جائے گا بلکہ اس کے لیے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا۔ جہلم شہر کے لیے ایک ارب روپے مزید دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ جو میگا پراجیکٹس جہلم میں سو سال میں بھی مکمل نہیں ہوئے وہ پی ٹی آئی نے مختصر ترین وقت میں مکمل کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جلالپور ایریگیشن منصوبے سے ہزاروں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور آئندہ چھ ماہ میں جہلم بھی بدلا ہوا شہر نظر آئے گا، میگا پراجیکٹس علاقے کی تقدیر بدلتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے سب سے پہلے للِہ جہلم روڈ کی تعمیرروکنے کی کوشش کی جبکہ سیالکوٹ اسلام آباد موٹر وے کی منظوری بھی ہم نے دی تھی۔ عمران خان نے جلالپور ایریگیشن کا میگا پراجیکٹ شروع کیا جس سے ستر ہزار ایکڑ زمین سیراب ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کالا گجراں پارک سمیت دیگر پارکس کو اپ گریڈ کیا جائے گا، مشینری خرید لی ہے،اب پوراجہلم شہر صاف نظر آئے گا۔ اس بار بھی اور اگلی دفعہ بھی پی ٹی آئی  تمام سیٹیں جیتے گی کیونکہ ہماری ضلعی تنظیم بہت موثر ہے۔ اگلے پانچ سال میں جہلم ملک کے ترقی یافتہ شہروں میں شمار ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button