ضلع جہلم میں نئے سال کی پولیو مہم کا آغاز 16 جنوری سے ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ

جہلم: ضلع بھر میں نئے سال کی پولیو مہم کا آغاز 16 جنوری سے ہو گا جو 20 جنوری تک جاری رہے گی، اس دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے ساتھ وٹامن A کے کیپسول دیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیرصدرات منعقد ہوا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر میاں مظہر حیات، انفارمیشن، ایجوکیشن اور دیگر محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ میاں ڈاکٹر مظہر حیات نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ 16 جنوری سے شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران ضلع جہلم کی 56 یونین کونسلز میں 2 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم میں 1094 موبائل ٹیمز، 74 فکسڈ ٹیمز اور 24 ٹرانزٹ ٹیمز حصہ لیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور لازمی پلائیں تاکہ بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے اور پاکستان اس وائرس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔