جمعۃ المبارک کا دن پاکستان بھر میں یوم اقصی کے نام سے منایا جائے گا، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: جمعۃ المبارک کا دن پاکستان بھر میں یوم اقصی کے نام سے منایا جائے گا،قومی کانفرنس میں مختلف مسالک کے جید علمائے کرام کا متفقہ اعلامیہ حقیقت میں پوری پاکستانی قوم کی آواز ہے۔

ان خیالات کے اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامرنے مجلس اتحاد امت کے زیر اہتمام کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہونے والی قومی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر کیا،جس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد، مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے صدر مولانا فضل الرحمٰن، معروف مذہبی سکالر مفتی تقی عثمانی، مفتی پاکستان مولانا منیب الرحمن، اہل سنت والجماعت کے مرکزی رہنما مولانا اویس شاہ نورانی اور دیگر قائدین نے خطابات کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی باشعور اور بیدار قیادت کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اس امر کی اشد ضرورت تھی کہ فلسطین کے مسئلہ کو ایسے بڑے پلیٹ فارم پر اٹھایا جائے جس میں مذہبی، سیاسی،صحافتی اور سماجی قائدین نے خطابات کیے اور قوم کے سامنے ایک متفقہ اعلامیہ پیش کیا اور فلسطینی قوم کے ساتھ قومی سطح پر یکجہتی کا اظہار کیا۔

حافظ عبدالحمید عامر نے مزید کہا کہ قومی کانفرنس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج کا دن پاکستان میں یوم اقصی کے نام سے منایا جائے گا، لہٰذا ضلع جہلم کی مساجد میں خطبات جمعہ میں مسجد اقصی کی اہمیت کو واضح کیا جائے گا اور فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور انداز میں مذمتی قرار داد پیش کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button