پڑی درویزہ: دنیا کوئی قیام گاہ نہیں بلکہ ایک گزر گاہ ہے، حدیث مبارکہ کے مطابق دنیا پانچ چیزوں سے محبت کرے گی اور پانچ چیزوں کو بھول جائے گی ۔
ان خیالا ت کا اظہار پڑی درویزہ کے سابق پٹواری ملک محمد بنارس مرحوم کی اہلیہ ، ملک محمد شعیب ثقلین اعوان ایڈووکیٹ سابق جوائنٹ سیکریٹری بار ایسو سی ایشن تحصیل کچہری سوہاوہ اور ملک محمد اویس اعوان کی والدہ مرحومہ کی نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں کہا کہ انسان کو دنیا کو مستقل زندگی کا مسکن تصور نہیں کرنا چاہیے ۔آج دنیا سرمایہ دارانہ نظام کی وجہ دنیا کی ہو کر رہ گئی ہے۔
نماز جنازہ کی امامت کا شرف حاصل کرنے والے خطیب جامع مسجد پرانہ کوٹ شیخ حافظ محمد وقاص جاوید نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی حدیث مبارکہ کے مطابق پانچ قسم کی واضح پیش گوئیاں موجود ہیں جن کے مطابق وہ وقت آنے والا ہے جب امت محمدی ؐ پانچ چیزوں سے محبت کرے گی اور پانچ چیزوں کو بھول جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا سے محبت کرے گی آخرت کو بھول جائے گی، زندگی سے محبت کرے گی اور موت کو بھول جائے گی ، مال سے محبت کرے گی اور ذریعہ آمدنی کے حساب کو بھول جائے گی اسی طرح محلات بنگلوں سے محبت کرے گی اور قبروں کو بھول جائے گی سب سے بڑھ کر یہ کہ مخلوق سے ظاہری مفاداتی محبت کرے گی اور خالق کو بھول جائے گی۔
واضح رہے کہ ملک محمد اویس اعوان اور ملک محمد شیعب اعوان ایڈووکیٹ برادران کی والدہ مرحومہ کی عمر70 سال بتائی گئی ۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔ مرحومہ کی نماز جنازہ میں بار ایسو سی ایشن سوہاوہ کے صدر ، جنرل سیکریٹری اور دیگر ممبران بار ایسوسی ایشن سوہاوہ کے علاوہ علاقہ بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات بھی شامل تھیں ۔