تجاوزات اور ٹریفک کا مسئلہ حل کروانے میں میونسپل کارپوریشن جہلم سمیت ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ناکام

جہلم: تجاوزات اور ٹریفک کا مسئلہ حل کروانے میں میونسپل کارپوریشن سمیت ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ،چیئرمین میونسپل کارپوریشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے بازاروں سمیت چوک چوراہوں میں تجاوزات مافیا اور چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے شہر کی سڑکوں پر قبضہ جما لیا ہے ، جس کیوجہ سے بزرگ خواتین ، کالجوں و سکولوں کے طلباء و طالبات سمیت خریداروں کو بازاروں اور سڑکوں سے گزرتے وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں نے اندرون شہر قائم ہونے والی ناجائز تجا وزات کی بابت صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اس اہم مسئلے پر نوٹس لیں اور میونسپل کارپوریشن میں تعینات مقامی افسران و ذمہ داران جو اپنے دفتروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں کی جگہ ایسے ذمہ داران کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کریں جو دفتروں سے باہر نکل کر شہریوں کی تکالیف کا ازالہ کر سکیں نہ کہ اپنے دفاتر تک محدود ہو کر عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیں ، اس وقت اندرون شہر میں ٹریفک کا جام ہونا اور بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار نے شہریوں کے لئے پیدل چلنا بھی مشکل بنا دیا ہے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر تعینات افسران و اہلکاروں کو ضلع بدر کیا جائے جو شہریوں کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں ۔