دینہ میں نوسرباز نے ہسپتال میں علاج کے لیے آئی خاتون کو لوٹ لیا، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لے کر چلتا بنا، نوسرباز نے خاتون کو فری ٹیسٹ اور ہسپتال میں زیور نہ پہننے کا بہانہ بنا کر لوٹا، نوسر باز موقع سے فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ میں آئے روز بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے۔ ساڑھے 10 بجے کے قریب دینہ کے نواحی علاقہ کسیال کے رہائشی تنویر حسین کی بیوی رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں اپنے بچوں کے ہمراہ علاج کے لیے آئی ہوئی تھی کہ ہسپتال میں ایک نوسر باز کے ہتھے چڑھ گئی۔
نوسر باز نے فری ٹیسٹ اور ہسپتال میں زیور نہ پہننے کا بہانہ بنا کر خاتون سے لاکھوں روپے مالیت کی طلائی 4عدد چوڑیاں اور 2عدد انگوٹھیاں اتروا لیں اور باتوں باتوں میں غائب ہو گیا، نوسر باز کے غائب ہونے پر خاتون نے شور مچا دیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بھی پہنچ گئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے نوسر باز کی تلاش شروع کر دی۔