وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے تحصیل دینہ اور سوہاوہ میں ریسکیو سٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا

سوہاوہ: وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی کاوشوں سے تحصیل دینہ اور سوہاوہ میں ریسکیو سٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ، ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال اور ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمٰن تھے۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر دینہ قاسم سمیت دیگر افسران، میڈیا نمائندگان اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
حکومت پنجاب کی جانب سے ریسکیو 1122 اسٹیشن دینہ اور سوہاوہ کے لیے 4 عدد نئی ایمبولینس بھی مہیا کی گئی ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو کی 17 سالوں سے پنجاب میں بہترین سروس رہی ہے اور دنیا کی بہترین سروسز میں شمار کی جاتی ہے، دینہ اور سوہاوہ میں اس کی موجودگی ہم سب کے لیے باعثِ خوشی ہے، ایمرجنسی سروس ہر عام آدمی کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ 40 ملازم جو دینہ اور سوہاوہ میں تعینات ہونے جا رہے ہیں وہ عوامی خدمت کو اپنا منشور سمجھے اور عوام سے اپیل ہے کہ ریسکیو ہیلپ لائن پر جعلی کالز نہ کریں ان کی سروسز کو اپنے بہترین مفاد کے لئے استعمال کریں۔