جہلم

جہلم سول لائن روڈ پر لگے پودے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث سوکھ گئے

جہلم: سول لائن روڈ پر لگے پودے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث سوکھ گئے، شہرکی رونقیں ماند پڑنے لگیں، ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق کلین اینڈ گرین مہم بری طرح تباہ ہونے لگی، انتظامیہ نے گرین اینڈ کلین پنجاب سے منہ موڑ لیا، اندرون شہر کی سڑکوں کے اردگرد اور وسط میں لگائے گئے خوبصورت پودے پانی نہ ملنے کیوجہ سے مرجھانے لگے، میونسپل کمیٹی کے عملے کی عدم توجہی کے باعث آوارہ مویشی پودوں کو کچلنے لگے۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق دور میں محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ نے لاکھوں، کروڑوں روپے کے فنڈز سے شہر کی سول لائن روڈ کے عین وسط اور جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف خوبصورتی کے لئے قیمتی پودے اور گھاس لگائی، بلدیاتی نظام غیر فعال ہوتے ہی میونسپل کمیٹی کے عملے نے سڑکوں پر آوارہ مٹر گشت کرنے والے مویشیوں کی پکڑ دھکڑ چھوڑ دی ہے جس کیوجہ سے سڑکوں پر لگائے گئے سرسبز و شاداب پودے بھی ختم ہونا شروع ہو چکے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی ماہ سے سول لائن روڈاورجی ٹی روڈ کے وسط اور دونوں اطراف لگائے گئے پودے پانی نہ ملنے کی وجہ سے سوکھ چکے ہیں، اگر انتظامیہ نے دلچسپی نہ لی تو خوبصورت قیمتی پودوں کا نام و نشان مٹ جائے گا۔

شہریوںنے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ مویشیوں کی روک تھام کے لئے میونسپل کمیٹی کے عملے کو پابند بنایا جائے اور پودوں کی دیکھ بھال کے لئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرسبز و شاداب پودوں سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button