جہلم شہر اور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ بندش شہریوں کے لئے دردِ سر بن گئی۔
متعدد علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی کے باعث خواتین کو کھانا تیار کرنے میں سخت دشواری کا سامنا، سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین سمیت طلباء و طالبات بھوکے پیٹ سکولوں و کالجوں میں جانے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گیس کی لوڈ شیڈنگ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی تواتر کے ساتھ جاری ہے، جس کیوجہ سے صارفین سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ سوئی گیس کی پائپ لائن ہرن پور سے آنے کی بجائے فیصل آباد سے براستہ گوجرانوالہ، سرائے عالمگیر آرہی ہے اور جہلم اس کنکشن پر آخری اسٹیشن ہے جس کیوجہ سے گیس پریشر نہ ہونے اور غیر اعلانیہ سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کیوجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔
صارفین نے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم کے شہریوں کو ہرن پور کے مقام سے سوئی گیس کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر سے چھٹکارہ حاصل ہو سکے۔