پنڈدادنخاناہم خبریں

بلدیاتی اداروں کی بحالی کے بعد تلخ حقیقت کا انکشاف، میونسپل کمیٹی کھیوڑہ سربراہ سے محروم

پنڈدادنخان: سپریم کورٹ آف پاکستان نے انصاف کے تقاضوں اور آئین و قانون کی علمبرداری کے لیے ایک عظیم اور مثالی فیصلہ سے پنجاب کے تمام بلدیاتی اداروں کو بحال کر دیا ہے، بلدیاتی اداروں کی بحالی کے بعد تلخ حقیقت کا انکشاف ہوا ہے کہ بہت سے بلدیاتی اداروں میں سربراہ نہ ہونے سے حالت جوں کی توں ہے جس میں ضلع جہلم کا دوسرا بڑا شہر کھیوڑہ بھی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ ضلع جہلم میں آبادی کے لحاظ سے دوسرا بڑا شہر کھیوڑہ میں کونسلروں کی اجتماعی اکثریت نے جنوری 2019ء میں سابق چیئرمین فیصل عباس اور وائس چیئرمین ملک شوکت حیات کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی۔

تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ سے دو روز قبل ہی چیئرمین اور وائس چیئرمین نے اپنے استعفے کنٹرولنگ اتھارٹی ڈپٹی کمشنر جہلم کو پیش کردیئے تھے۔ اپریل 2019ء میں استعفے منظوری کا نوٹیفکیشن جاری ہوا لیکن چیئر مین اور وائس چیئرمین کی نشستوں پر انتخابات سے پہلے ہی مئی2019ء میں بلدیاتی اداروں کے اختیارات ختم کردیئے گئے۔

اب اداروں کی بحالی کے بعد بھی میونسپل کمیٹی اپنے سربراہ سے محروم ہے جس کے باعث کونسلرصاحبان نہ اجلاس منعقد کرسکتے ہیں اور نہ ہی عوامی فلاح و بہبود کا کوئی منصوبہ تشکیل دینے کی پوزیشن میں ہیں، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ایک اعظیم بلدیاتی ادارے کے منتخب عوامی نمائندے بے بس اور مجبور ہیں۔

کونسلروں اور عوام نے صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب اور حکومت سے استدعا کی ہے کہ مفاد عامہ کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں اور فوری طور پر کھیوڑہ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی خالی نشست کے الیکشن کا شیڈول جاری کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button