
جہلم: پولیو سے خاتمے کے عالمی دن کے حوالے سے یونیسیف ( کمیونیکیشن نیٹورک) اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ تھے۔
تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، ڈی ایچ او ڈاکٹر مظہر حیات، ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیونیکیشن سپورٹ آفیسر یونیسیف سبطین اعوان، پولیو ورکز اور تعاون کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب میں اچھی پرفارمینس پر 25 پولیو ورکرز کو تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ حکومت اور تمام معاون اداروں کی اولین ترجیح ہے ، پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ بہت اچھا کام کر رہا ہے ، یہ ہیلتھ ٹیموں کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ ہم نے پولیو مہم میں سو فیصد ٹارگٹ حاصل کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک سے ہی مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے ، اچھی پرفارمینس پر آفیسرز اور سٹاف کو داد دی جائے گی اور بری کارکردگی پر انکو جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔