
جہلم: شہر اور گردونواح میں خشک سردی کی لہر کی وجہ سے ٹھنڈ بڑھ گئی دن ، شام اور رات کے وقت چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں سے شہری نزلہ، زکام، فلو اور بخار کا شکار ہونے لگے، سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکوں میں مریضوں کا رش بڑھنے لگا، ٹھنڈ کی وجہ سے جسم درد کی شکایات بھی بڑھ گئیں۔
شہر کے سرکاری و نجی ہسپتالوں، پرائیویٹ کلینکس میںروزانہ مریضوں کا رش بڑھنے لگا ہے، متاثرہ مریض ڈاکٹروں کو نزلہ زکام، فلو گلہ خراب اور جسم میں درد اور بخار میں مبتلا ہونے کی شکایات کرتے دکھائی دیتے ہیں ، ڈاکٹرز مریضوں کو ضروری ادویات اور ٹیسٹ تجویز کرتے ہیں ، ان کو ٹھنڈ سے بچنے کی ہدایات جاری کرتے ہیں۔
طبی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے ان دنوں شہریوں کو بہت احتیاط کی ضرورت ہے، بچوں بزرگوں خواتین ٹھنڈ سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا استعمال کریں، اپنی خوارک پر توجہ دیں، ٹھنڈے پانی سے مکمل پر ہیز کریں، یخنی، سوپ، کافی چائے، قہوہ، سبز چائے استعمال کریں اور پینے کے لئے تازہ و صاف پانی کے ساتھ ساتھ متوازن غذا استعمال کریں تاکہ خشک سردی سے بچا جا سکے۔