جہلم کے ہوٹلوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، کھلی چائے کی پتی اور ناقص تیل کا استعمال رواج بن گیا
جہلم: شہر میں قائم ہوٹلوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، کھلی چائے کی پتی اور ناقص تیل کا استعمال رواج بن گیا۔ پنجاب فوڈا تھارٹی کے ذمہ داران کی توجہ فوٹو سیشن تک محدود ہوکر رہ گئی۔
شہراور جی ٹی روڈ پر قائم ہوٹلوں میں کھانوں میں ناقص تیل، چائے میں ملاوٹ شدہ دودھ اور پتی کا استعمال شہریوں میں متعدد بیماریوں کا باعث بننے لگا، پنجاب فوڈ اتھارٹی سمیت محکمہ صحت کے ارباب اختیار کی توجہ اس جانب نہیں۔
ہوٹلوں میں صفائی کا کوئی خاطر خواہ انتظام موجود نہیں جس کے باعث چوہے، مچھر، حشرات الارض سمیت دیگر امراض کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں لیکن پنجاب فوڈاتھارٹی کے ذمہ داران کبھی کبھار جرمانوں کے نام پر فوٹو سیشن کر کے سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوانے میں مصروف ہیں۔
شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے اندرون شہر سمیت ضلع بھر میں موجود بیماریاں پھیلانے والے ہوٹلز کو سربمہر کریں تا کہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔