پنڈدادنخاناہم خبریں

کھیوڑہ اور پنڈدادنخان پولیس کا سماج دشمن عناصر کے خلاف ایکشن، ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان: کھیوڑہ اور پنڈدادنخان پولیس کا جرائم پیشہ اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ، منشیات فروشوں، پتنگ فروشوں، آتش بازی کا سامان فروخت کرنے اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری، متعدد گرفتار، پولیس نے مقدمات درج کر لئے۔

تفصیلات کے مطابق نئے انچارج کھیوڑہ پولیس چوکی سب انسپکٹر ملک محمد اعظم نے تعیناتی ہوتے ہی قانون شکنی کرنے والوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر دیا، سب انسپکٹر ملک محمد اعظم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے پتنگ فروش کو 18 پتنگوں اور دھاتی ڈور سمیت گرفتار کرلیا۔

دوسری کارروائی میں منشیات فروش کو چار سو گرام سے زائد چرس سمیت گرفتار کرکے الگ الگ مقدمات درج کر لیے جبکہ شہر کا امن و امان بحال رکھنے کے لیے اوورلوڈنگ کرنے والوں کو بھی تنبیہ کرتے ہوئے قانون پر عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے جبکہ شہر بھر میں ساونڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب پنڈدادنخان پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والے دو ملزمان کو آتش بازی کے بھاری سامان سمیت گرفتار کرلیا، ناجائز اسلحہ رکھنے رکھنے والے دو ملزمان سے دو عدد کلاشنکوف اور پانچ لیٹر دیسی شراب سمیت منشیات فروش کو گرفتار کر کے الگ الگ مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کردیا۔

اس موقع پر ملک محمد اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی قانونی طور پر جرم ہے اور خطرناک کھیل ہے، پتنگ فروش ہوں منشیات فروش ہوں یا ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے ہوں کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں کسی کو بھی قانون شکنی کی اجازت نہیں ہوگی، کھیوڑہ پولیس افسران بالا کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے قانون کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ منشیا ت فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور نوجوان نسل کے مستقبل اور زندگی کی تباہی کا سبب ہیں منشیات فروشوں کے لیے کسی قسم کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ ان کی سفارش کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اہل علاقہ نے نو تعینات کھیوڑہ پولیس چوکی انچارج ملک اعظم اور پوری پولیس ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button