یوم تکریم شہداء پاکستان کے حوالے سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس میں تقریب کا انعقاد

جہلم: یوم تکریم شہداء پاکستان کے حوالے سے گورنمنٹ گریجویٹ کالج آف کامرس میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، طالب علم محمد افروز نے تلاوت کی نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت ولید احمد نے حاصل کی۔ تقریب کے آغاز میں پروفیسر اصلاح الدین احمد نے شہداء کی حیات اور ان کی شہادتوں پر روشنی ڈالی اور ان کی پاکستان کے لیے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ملک پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کے لیے جانوں کی قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لئے فوج کا مضبوط ہونا ناگزیر ہے، جو دشمن کو اس دھرتی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیتی، عوام اور فوج کا رشتہ بہت مضبوط ہے ملکی سلامتی اور تحفظ کے لیے پوری قوم فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
پرنسپل طارق عزیز، پروفیسر قاسم، پروفیسر پرویز اخترنے قرآن مجید فرقان حمید کے حوالے سے شہداء کی حیات اور آخرت میں ملنے والے انعامات کا ذکر کیا، تقریب میں اساتذہ سمیت طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔