جہلم

ضلع جہلم سے قافلے 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری فراز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع بھر سے قافلے 26نومبر کو راولپنڈی پہنچیں گے، یہ جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی جو حقیقی آزادی پر یقین رکھتے ہیں ان کو اس عظیم الشان جلسے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تا کہ راولپنڈی میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ یہ پاکستان کے ریاستی نظام کا امتحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی صنعتیں تیزی کے ساتھ تنزلی کا شکار ہو رہی ہیں۔ عمران خان کی حکومت میں صنعتیں 12 فیصد سے زائد ترقی کر رہی تھیں وہ اب منفی ہو چکی ہیں۔ ‘برآمدات میں ہر ماہ کمی ہو رہی ہے۔ یہ برآمدات عمران خان کے دور میں 19 ارب ڈالر سے بڑھ کر 31 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں تھیں۔ اب یہ نصف سے بھی کم ہو کر رہ گئی ہیں۔ کسی کو امپورٹڈ حکومت پر اعتماد نہیں رہا۔

فراز حسین چوہدری نے کہا کہ ’ہم نے لانگ مارچ میں کہیں نقص امن پیدا نہیں ہونے دیا۔لوگوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے آزادی مارچ کو منزل مقصود پر پہنچایا حالانکہ وزیرآباد کے مقام پر ہمارے قائد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا، ہمارے لوگ زخمی ہوئے۔ عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن ہم مشتعل نہیں ہوئے۔ ’عمران خان پر جو قاتلانہ حملہ ہوا اس کی ایف آئی آرتک درج نہیں ہو سکی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ طاقتور قوتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حاوی ہو گئیں اور حقائق پر مبنی مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ ’دن بدن معاشی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر فوری انتخابات نہ کروائے گئے تو پاکستان ڈیفالٹ کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ ہم یہ مطالبہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لیے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی قوم کو تب ملتی ہے جب انصاف ہو، آزاد قوم ہمیشہ ہی خوشحال ہوتی ہے، قوم تب تک چپ ہوکر نہیں بیٹھے گی جب تک آزاد انہ انتخابات نہیں ہوتے۔ آج ہم نے ثابت کرنا ہے کہ ہم عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور عمران خان ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس موقع پر سابق ناظم ملک وسیم، چوہدری رضوان منور، خادم اللہ بٹ سمیت درجنوں کارکن موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button