لاہور پریس کلب کے باہر نجی ٹی وی کے رپورٹر کے المناک قتل، جہلم کے صحافیوں کی مذمت

جہلم پریس کلب کے صدر چوہدری عابد محمود چیئرمین سید اکرم حسین شاہ نے لاہور پریس کلب کے باہر نجی ٹی وی کے رپورٹر کے المناک قتل پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث مجرمان کو فوری گرفتار کرتے ہوئے انھیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
اس حوالے سے میڈیاون کے صدر مرزا قدیر بیگ نے کہا کہ صحافی قوم کا اثاثہ ہیں جو اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے دوسروں تک اہم ترین خبریں اور معلومات پہنچاتے ہیں۔ صحافیوں کی حفاظت ملک وقوم کے حکمرانوں کا فرض ہے۔ صحافی قلم اور کیمرے سے پہچانا جاتا ہے۔آج تک ہمارے جتنے بھی صحافی دنیافانی سے رخصت ہوئے کوئی ایک کاقاتل بھی گرفتار نہیں ہوسکا جوسابقہ حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
جہلم پریس کلب کے کوآرڈینٹرمحمد شہباز بٹ نے کہا کہ وطن عزیزکے صحافی آزادانہ شہروں میں گھومتے پھرتے ہیں۔ نہ رات کا پتہ اور نہ ہی دن کا پتہ ہم لوگ ملک وقوم کو حقائق سے آگاہ کرتے ہیں۔ نہ تو ہماری کسی سے زاتی دشمنی ہوتی ہے نہ ہی ہم دشمن پالتے ہیں حقائق منظر عام پر لانا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں جس کا صلہ سب کے سامنے ہے۔
جنرل سیکرٹری میڈیاون چوہدری مہربان حسین نے کہا کہ قلم قبیلہ کے لوگ نڈرہوتے ہیں نہ جھکتے ہیں اور نہ ہی ڈرتے ہیں، لاہور پریس کلب کے باہر قتل ہونے والے صحافی کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور حکومت پاکستان، وزیر داخلہ، وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام پریس کلبز کو سیکورٹی مہیا کی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض آزادانہ طور پر سر انجام دے سکیں اور صحافیوں کو ملنے والی سنگین نتائج کی دھمکیوں اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے فوری حکمت عملی طے کی جائے تاکہ ملک وقوم کے صحافی بلا خوف و خطر صحافتی خدمات جاری رکھ سکیں۔ (مرحوم )حسنین شاہ کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے خصوصی دعا کروائی گئی ۔