خون سفید ہو گیا، بھتیجے نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے سگے چچا اور چچی کو قتل کر دیا

پنڈدادنخان: خون سفید ہو گیا، محلہ اسلامیہ سکول میں بھتیجے نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے سگے چچا اور چچی کو قتل کر دیا، ملزم فرار ہو گیا، وجہ عناد تاحال سامنے نہ آ سکی، لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
تھانہ پنڈدادنخان کی حدود محلہ اسلامیہ سکول میں عمران المعروف چاندی نے گھر میں گھس کر اپنے سگے چچا اور چچی پر فائرنگ کر دی، جس سے چچا گلزار احمد آرائیں ٹھیکیدار موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی بیوی کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پنڈدادن خان شفٹ کیا گیا جہاں سے انہیں راولپنڈی ریفر کر دیا گیا لیکن وہ بھی راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔
اس افسوسناک واقعہ کے بعد شہر میں خوف وہراس پھیل گیا اور میاں بیوی کی موت پر ہر آنکھ اشک بار ہوگئی، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لئے، ، پولیس نے میتوں کو پوسٹمارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈدادنخان منتقل کر دیا اور مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔