
جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما تحصیل صدر حلقہ پی پی 26 چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات ،بجلی اورسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھینے کے مترادف ہے ، حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام فاقوں پر مجبور ہو گئے ہیں، الیکشن سے پہلے غریبوں کی بہتری کے لئے نعرے لگانے والے آج غریب مکاؤ مہم پر عمل پیرا ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت برسراقتدار آئی ہے ، غریب عوام کا جینا مشکل ہو گیاہے مہنگائی بے روزگاری سے لوگوں کو2 وقت کی روٹی کا حصول مشکل اور جان بچانے والی ادویات سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جس کی وجہ سے غریب سفید پوش طبقہ کے افراد دربدر کی ٹھوکریں کھانے پرمجبور ہیں اور لوگ اب یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ کب پی ٹی آئی کی نااہل حکومت کا خاتمہ ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 3 سال سے حکومت کی جانب سے کوئی واضع پالیسی سامنے نہیں آسکی ، حکومت ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ناکامیوں کی جانب رواں دواں ہے ، تحریک انصاف کی سیاست صرف مخالفین پر الزام تراشی اور غریب طبقہ کو زندہ درگور کرنے پر عمل پیرا ہے ۔ عوام کو روز نئی باتیں سنا کر سبز باغ دکھانے والے حکمرانوں کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جب پاکستان کے عوام کا سونامی اس نااہل حکومت کے خلاف نکلے گا تو ان کے اقتدار کو بہا لئے جائے گا۔