دینہ

سیلاب آسمانی آفت ہے، قوم اپنی خطاؤں کو سامنے رکھ کر اللہ کے حضور توبہ کرے۔ امیر عبدالقدیر اعوان

دینہ:  امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ وطن عزیز میں سیلاب کی وجہ سے ہمارے بہن بھائی انتہائی مشکل میں ہیں اس کا اندازہ ہمیں یہاں سے نہیں ہو سکتا کہ وہ کتنی بڑی مصیبت سے گزر رہے ہیں ہر طرف پانی ہی پانی ہے انسانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشی، مکان، سامان سب کچھ بہہ گیا۔ صاحب اختیار اس صورت حال میں اپنی فتح و شکست، اپنی ذات کو درست اور دوسرے کو غلط ثابت کرنے میں لگے ہیں۔

امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضروررت اس امر کی ہے کہ بحیثیت مجموعی حکومت اپنے تمام تروسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان کی داد رسی کے لیے پہنچے اور عام آدمی بھی اس کے لیے اپنی استعداد کے مطابق اپنا کردار ادا کرے اور اللہ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے استدعا کرے کہ اللہ کریم رحم فرمائیں تا کہ اس مصیبت سے چھٹکارا ملے۔ اس مصیبت اور مشکل میں جتنے لوگ متاثر ہوئے ہیں اللہ کریم انہیں اس صبر اور امتحان کا اجرعظم عطا فرمائیں۔

انہوں نے کہا کہ معمولات زندگی میں کہیں خوشی ہے اور کہیں غم زندگی کے مختلف پہلو ہیں جن میں سے انسان گزرتا ہے بندہ مومن کو دونوں پہلو سے اجر و ثواب عطا ہوتا ہے خوشی میں شکر کی ادائیگی نصیب ہوتی ہے اور غم میں صبر اختیار کرتا ہے اور اللہ کریم فرماتے ہیں کہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے یہ معیت باری تعالی اللہ کریم کی بہت بڑی عطا ہے کہ کسی کو اللہ کا ساتھ نصیب ہو بات ادراک کی ہے کہ کس کو اس بات کا کتنا ادراک ہے اللہ کریم سیلاب زدگان کو صبر عطا فرمائیں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے مزید کہا کہ راہ ہدایت اور ہمارے درمیان کتنے فاصلے آ چکے ہیں اس بات کو دیکھنے کی ضرورت ہے عارضی ٹھکانہ ہے اللہ کریم اس زندگی کا سفر آسان فرمائیں یہ سب ہمارے اعمال کا نتیجہ ہے جو ہم بھگت رہے ہیں کیونکہ ارشاد باری تعالی ہے کہ خشکی اور تری میں ہمارے اعمال اثر انداز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی خواہشات کی پیروی کرنے کی بجائے ارشادات نبوی ﷺ کو اپنانے کی ضرورت ہے اللہ کریم ہمیں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ ہمارے پاس اللہ کا کلام موجود ہے جو راہ ہدایت ہمیں دکھاتی ہے جو اوصاف سیدھی راہ کے ہیں کیا ہم نے انہیں اختیار کیا۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔

آخر میں انہوں نے سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button