پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان کا دفاع فوج نے اپنے خون سے کیا ہے۔ شرکاء

پنڈدادنخان میں یوم تکریم شہداء کے موقع پر پاک فوج سے اظہار محبت کے لیے چلڈرن پارک پنڈدادنخان سے شالیمار چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پاک فوج کے شہدا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور پاک فوج زندہ باد پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
ریلی کے شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج سے ہمارے ملک کی پہچان ہے فوج ہے تو ہم اور ہمارا ملک ہے جن شر پسند عناصر نے فوجی تنصیبات اور ملکی املاک کو نقصان پہنچایا ہے انکو فوری گرفتار کرکے فوجی عدالتوں میں انکے خلاف کیس کیے جائیں اور قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسی جرات کرنے کی ہمت نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان ہر شہری بزرگ بچے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہماری فوج کی طرف بڑھنے والا ہاتھ کاٹ دیا جائے گا، میلی آنکھیں نکال دی جائیں گی جب فوج ہماری حفاظت کرتی ہے تو باحیثیت قوم ہم اپنی فوج کے وقار اور کردار کی حفاظت کرنا باخوبی جانتے ہیں۔
یوم تکریم شہداء ریلی میں سٹی صدر پنڈدادنخان اقرار بلا،چوہدری انتظار الحق و دیگر مسلم لیگی رہنماؤں،سول سوسائٹی ،تحصیل پریس کلب رجسٹرڈ پنڈدادنخان کے عہدے داران و اراکین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے اپنی فوج سے محبت کا اظہار کیا۔
ریلی کے اختتام میں پاک فوج کے شہداء ملکی سلامتی و ترقی کے لیے دعا بھی کی گئی۔