جہلم میں تجاوزات کی بھرمار، شہر میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: شہر میں تجاوزات کی بھر مار تجاوزات کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا، پیدل چلنے والوں کوبھی مشکلات کا سامنا، تجاوزات کی بدولت شہریوں کی زندگیاں مفلوج ہو کر رہ گئیں جبکہ بے ہنگم ٹر یفک نے رہی سہی کسر بھی نکال دی۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے بازاروں سڑکوں کے اردگرد ریڑھی بانوں نے ریڑھیاں کھڑی کرکے آمدورفت میں مشکلات پیدا کر رکھی ہیں شہر میں جگہ جگہ تجاوزات نے شہرکی کشادہ سڑکوں کو باریک گلیوں میں تبدیل کر دیا ہے، انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی عدم توجہی کی وجہ سے تجاوزات مافیا نے مستقل بنیادوں پر ٹھیے قائم کررکھے ہیں۔
انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے عملے کی سرپرستی اور مقامی سیاست دانوں کی آشیر باد کی وجہ سے مافیا نے قبضے جما رکھے ہیں، بااثر دکانداروں نے تجاوزات کی سرپرستی کرتے ہوئے عارضی ٹھیئے قائم کرنے والوں سے باقاعدہ روزانہ کی بنیاد پر بھاری معاوضہ وصول کیا جاتا ہے۔
شہری ، سماجی ، رفاعی ،فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات سے تجاوزات ختم کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔