جہلم

صحافیوں کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہوکر علاقے کی بلاامتیاز خدمت کرنی چاہئے۔ چوہدری عابد محمود

جہلم: صحافت ایک مقدس پیشہ ہے معاشرے میں صحافت کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، صحافت معاشرے کی آنکھ اورکان ہیں جس طرح جسم میں تمام اعضاء اہم ہیں لیکن ان میں آنکھیں بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہیں اگر جسم سے آنکھیں نکال دی جائیں تو پورا جسم ناکارہ ہو کر رہ جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہارصدرالیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود نے تحصیل پنڈدادنخان کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کے پیشے کو معاشرے سے اوجھل کر دیا جائے تو معاشرہ اندھیروں میں ڈوب جائے گا، اسی طرح معاشرے میں سارے شعبے اہم ہیں عدلیہ، مقننہ ،انتظامیہ اور صحافت ان چاروں ستونوں کے بغیر معاشرہ ادھورا ہے لیکن ان میں شعبہ ذرائع ابلاغ یعنی صحافت بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برائیاں اور اچھائیاں ضرور ہوتی ہیں، برائیوں کو حکومت وقت کے نوٹس میں لانا اور اچھائیوں کی تعریف کرنا ایک صحافی کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے، ایک صحافی میں یہ اوصاف ضرور ہونے چاہیے کہ وہ ایمان دار ہو سچا ہو بہادر ہو اور حکومت وقت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے والا ہو، میڈیا ملک و قوم اور سرزمین کی حفاظت کرتے ہوئے ہر قسم کے تعصب سے پاک ہوکر قومی جذبے اور حقیقی سوچ کو آگے لیکر چلے۔ ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کی بھی تاریخی جدوجہد شامل ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

چوہدری عابد محمود نے مزید کہا کہ ضلع جہلم کے تمام صحافی آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتے ہیں صحافت معاشرے میں آنکھ اور کان کی مانند ہوتی ہے صحافیوں کو ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہوکر علاقے کی بلاامتیاز خدمت کرنی چاہئے، صحافی منفی رپورٹنگ سے دور رہ کر اپنا نام روشن کر سکتے ہیں کیونکہ صحافت میں مثبت رپورٹنگ سے ملکی ترقی کی مزید راہیں کھلتی ہیں۔ ضلع جہلم میں معیاری صحافت کو بلند کرنے کیلئے حقیقی صحافیوں کو مزید کوششیں کرنا ہونگی۔

انہوں نے کہاکہ دنیا میں ملک و قوم اور ریاست کی پہچان کو میڈیا ہی کے ذریعے روشناس کروایا جاتا ہے صحافی حضرات ہر قسم کے دباؤ سے ہٹ کر حقیقت پر مبنی رپورٹنگ کو اپنا شیوہ بنائیں، میڈیا سمیت سب کو ملکر پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا ہوگا۔

اس موقع پر جہلم پریس کلب کے سینئر صحافی جن میں مرزا قدیر بیگ، عامرکیانی، عبدالغفار آذاد، چوہدری دانیال عابد اور چوہدری عامر غفور، چوہدری تصور حسین، سید ناصر حسین شاہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button