
جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیر قیادت یوم تکریم شہدائے پاکستان 25 مئی نہایت عقیدت اور احترام سے منایا گیا، دن کا آغاز قرآن خوانی سے کیا گیا، قرآن خوانی کے بعد پاکستان بھر کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔
جہلم پولیس کے شہداء کے لواحقین کی موجودگی میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہداء پر سلامی دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
پولیس لائنز سکول میں شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریب کا اہتمام کیا گیا، مرکزی تقریب کا اہتمام کوہ نور میرج ہال میں منعقد کیا گیا جہاں اہم عسکری اور سویلین شخصیات نے شرکت کی، تقریب میں ڈی پی او جہلم اور شرکاء نے پولیس کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
جہلم پولیس کے آفیسرز نے شہداء کے گھروں اور قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی پاکستان آرمی کے شہداء جن میں نشان حیدر میجر محمد اکرم شہید، میجر محمد رفیق احمد شہید اور سپاہی قربان حسین شہید اور پنجاب پولیس کے شہید زین خالد کے گھروں میں آمد، اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ یوم تکریم شہداء پاکستان منانے کا مقصد پاکستان بھر کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، شہدا ہماری قوم کا قابل فخر اثاثہ ہیں جن کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔