جہلم میں پٹاخوں کی آواز نکالنے والے موٹر سائیکلز کی بھرمار، شہری خوف و حراس میں مبتلا

جہلم: پٹاخوں کی آواز نکالنے والے موٹر سائیکلز کی بھرمار، بگڑے گھروں کے رئیس زادے سرعام ایسی موٹر سائیکلز سڑکوں پر دوڑاتے نظر آنے لگے، قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے ، شہری خوف و حراس میں مبتلا، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ایسے موٹر سائیکلز فروخت کرنے ، تیار کرنے اور چلانے والے نوجوانوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری سے چند فٹ کے فاصلے پر نئی تعمیر ہونے والی میجر اکرم شہید روڈ پر بگڑے گھروں کے رئیس زادے عجیب و غریب طرز کے تیار ہنڈا 125 موٹر سائیکلوں کی ریسیں لگانے سمیت سائیلنسر سے پٹاخوں کی آواز نکالتے ہوئے سڑکوں پر دوڑتے نظر آتے ہیں ، خصوصاً سکولز و کالجز میں چھٹی کے اوقات میں اسطرح کی بیہودہ حرکتیں کرتے نظر آتے ہیں۔
دوسری جانب شام کو جب سڑک پر ٹریفک کی روانی کم ہوتی ہے تو بگڑے گھروں کے رئیس زادے کچہری روڈ تا وائے کراس اور کچہری روڈ تا اسلامیہ سکول تک ریسیز لگانا معمول بنا رکھا ہے اور ساتھ ہی ساتھ پٹاخوں کی خوفناک آوازیں نکالنے والے موٹر سائیکل کو تیز رفتاری کے ساتھ دوڑاتے بھی نظرآتے ہیں جس سے فضاء دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھتی ہے ، اسی وجہ سے مذکورہ سڑک پر خواتین ، بچے ، بزرگ سہمے اور ڈرے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناک کے نیچے اس قسم کی حرکات و سکنات سمجھ سے بالا تر ہیں ، قانون نافذ کرنے والے ادارے سب کچھ جانتے ہوئے بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے آئی جی پنجاب، آر پی او راولپنڈی ، ڈی پی او جہلم سے اس قسم کی موٹر سائیکلوں کو فروخت کرنے ، تیار کرنے اور چلانے والے نوجوانوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔