یہ وقت حکومت مخالف تحریکیں چلانے کا نہیں بلکہ پاکستان بچاؤ تحریک کا ہے۔ اشرف چغتائی

جہلم: برطانیہ میں مقیم معروف سیاسی و سماجی شخصیت سابق امیدوار ایم ایل اے اشرف چغتائی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے، یہ وقت حکومت مخالف تحریکیں چلانے کا نہیں بلکہ پاکستان بچاؤ تحریک کا ہے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ملک کے لئے یکجان ہوں۔
اشرف چغتائی نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف، آصف علی زرداری، عمران خان، مولانا فضل الرحمٰن و دیگر قائدین اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر پاکستان کی سلامتی کے لئے یک نکاتی ایجنڈے پر میز پر بیٹھیں پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے، پاکستان کا نقصان ہمارا نقصان ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم اس مشکل وقت میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کی اپنے ملک کے حالات دیکھ کر نیندیں حرام ہو چکی ہیں، یہ کیسی سیاست ہے کہ ملک آئی ایم ایف کے مرہون منت ہے اور سیاسی قیادت فقط ایک دوسرے پر الزام تراشیوں سے کام چلا رہی ہے، عالمی سطح پر ہم تنہائی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں، پاکستان کے لئے سوچنا ہوگا ،ہمارا تن من دھن پاکستان کے لئے حاضر ہے ،اپنے ملک کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہر پاکستانی ملک کے لئے کردار ادا کرے دنیا ترقی کرتی کرتی کہاں سے کہاں پہنچ چکی ہے اور ہم آج بھی کشکول لئے دربدر ٹھوکریں کھارہے ہیں ۔ہمارا یقین ہے کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا جو تاقیامت سلامت رہے گا۔