پاکستان تحریک انصاف کی تبدیلی سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لئے سود مند ثابت نہ ہو سکی

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کی تبدیلی ، سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لئے سود مند ثابت نہ ہو سکی۔، سرکاری ملازمین بڑھتی ہوئی مہنگائی کیوجہ سے زہنی تناؤ کا شکار ،ملازمین مہنگائی کی چکی میں پسنے لگے،سرکاری اداروں کے ملازمین کا وزیراعظم پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری اداروں کے ملازمین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے اقتدار میں آنے سے قبل ملازمین کو سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کئے انتخابات کے موقع پر وزیراعظم اور منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اپنی تقرریروں میں سہانے سپنے دکھاتے رہے۔
اقتدار حاصل کرنے کے بعد حکمران ملازمین سمیت وطن عزیز کی غیور عوام کو طفل تسلیاں دیکر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر گامزن ہیں ، سرکاری اداروں کے ملازمین مہنگائی کے اس پرفتن دور میں رزق حلال کما کر اپنے بیوی بچوں کو 2 وقت کی روٹی فراہم کرنے کے لئے سو جتن کرتے ہیں اس کے باوجود بچوں کو نہ تو اچھی تعلیم اور نہ ہی سکھ کی نیند سو سکتے ہیں۔
اداروں کے ملازمین کا کہنا ہے کہ حکمرانوں سے ڈھیر ساری امید یں وابستہ کر رکھی تھیں، لیکن اڑھائی سال سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود ناکامیوں کا منہ دیکھ رہے ہیں ، حکمرانوں نے ملازمین کے مسائل سے مکمل لا تعلقی اختیار کررکھی ہے ۔
سرکاری اداروں کے ملازمین نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں 1 تولہ سونے کے برابر کی جائیں تاکہ ملازمین اپنے بچوں کو زیور تعلیم سمیت روکھی سوکھی روٹی مہیا کر سکیں ۔