پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شیرون کا رات گئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان کا دورہ، ماسوائے ایک ڈاکٹر کے دیگر عملہ غیر حاضر، نوزائیدہ بچوں کیلئے بنائے گئے وارڈ میں نرسنگ سٹاف بھی بغیر سرکاری کارڈز اور ہسپتال کی یونیفارم کے علاوہ سادہ کپڑوں میں ملبوس پایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسامہ شیرون اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اچانک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان کا دورہ کیا۔
انہوں نے اپنے وزٹ کی تفصیلات مقامی میڈیا کو بتاتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں صحت و صفائی کا نظام کسی حد تک بہتر تھا جبکہ تحصیل بھر کی عوام کیلئے واحد علاج گاہ میں رات گئے محض ایک ڈاکٹر کے باقی سب غیر حاضر پائے گئے جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے۔ بلڈ بینک لیبر ٹیکنیشن ایکسرے ٹیکنیشن وغیرہ کی عدم موجودگی پر برہم ہوا جبکہ لیبر روم کا عملہ اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھاتا دکھائی دیا۔
اسامہ شیرون نے کہا کہ آج کل شدید مہنگائی اور معاشی بد حالی کے باعث ہر تیسرا آدمی ذہنی دباؤ کے باعث دل کے عارضے میں مبتلاء ہے جبکہ ہسپتال متذکرہ کے امراض قلب کے وارڈ میں ڈاکٹر کی عدم موجودگی باعث تشویش ہے کیونکہ رات گئے ہسپتال میں ایمرجنسی کی صورت میں لائے گئے مریضوں کو بغیر لیبارٹری ٹیسٹ کس طرح فیسیلیٹیٹ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام الناس کیلئے ہسپتال میں عملے کی غیر حاضری کی صورت میں لگ بھگ 3 گھنٹے کی مسافت پر سرگودھا، جہلم اور راولپنڈی پہنچنے پر طبی سہولیات میسر ہو سکتی ہیں جبکہ تحصیل کے دونوں اطراف سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث ایک طرف مریض کیلئے پریشانی تو دوسری جانب ورثاء کو بھاری مالی اصراف کا اندیشہ، بعض اوقات مرض کی شدت سے مریض دوران سفر ہی اللہ کو پیارا ہو جاتا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر اسامہ شیرون نے سول ہیڈ کوارٹر ہسپتال انتظامیہ کی غفلت اور تساہل پسندی بارے اپنی رپورٹ سیکرٹری محکمہ ہیلتھ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر جہلم کو روانہ کر دی، اس دوران انکے آفس پنڈدادنخان میں اگیگا کے چیئرمین کی قیادت میں ملنے والے وفد نے انکو پنڈدادنخان تعیناتی پر مبارکباد دی۔