جہلم

ناقص اور غیر معیاری میٹریل سے تیار کردہ شاپنگ بیگز میں اشیاء خوردونوش کی فروخت کا انکشاف

جہلم: سرکاری محکموں کی عدم دلچسپی، ناقص، غیر معیاری میٹریل سے تیار کردہ شاپنگ بیگز میں اشیاء خوردونوش کی فروخت ، مہلک امراض کی شرح میں تیزی سے اضافہ، شہری حلقوں کا اظہار تشویش ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق شہر و گردونواح میں غیر معیاری، مضر صحت میٹریل سے تیار کردہ شاپنگ بیگز کے استعمال سے نہ صرف شہری ہیپاٹائٹس، ڈائریا، بخار اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں بلکہ شہریوں کا مالی نقصان بھی ہو رہا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ شہر کی دکانوں ، مارکیٹوں میں فوڈ گریڈ میٹریل سے کہیں دور انتہائی غیر معیاری مضر صحت میٹریل سے تیار کردہ شاپربیگ جو کہ تمام سائزوں میں دستیاب اور معیاری نسبتاً بہتر شاپنگ بیگز سے کہیں سستا ہے۔

شہر اور گردونواح میں گوشت، چکن، دودھ، دہی، کھویا اور دیگر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے دکانداروں کی پہلی ترجیح ہوتی ہے جبکہ انتہائی گھٹیا میٹریل سے تیار کردہ ان شاپروں میں کچھ دیر مذکورہ اشیاء پڑی رہنے کی صورت میں اشیاء سے بدبو آنا شروع ہو جاتی ہے جبکہ ان اشیاء کے استعمال سے شہری مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔

شہری، سماجی، مذہبی، رفاعی، فلاحی حلقوں کے عمائدین نے اربابِ اختیار کی توجہ اس اہم مسئلہ کی جانب مبذول کرواتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور گردونواح میں غیر معیاری ، گھٹیا میٹریل سے تیار ہونے والے شاپرز کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button