سوہاوہ

اسسٹنٹ کمشنر کا سوہاوہ اور ڈومیلی میں ناجائز منافع خوروں اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن

سوہاوہ اور ڈومیلی میں ناجائز منافع خوروں اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر کا آپریشن، متعدد ناجائز منافع خوروں کو جرمانے، این ایچ اے انتظامیہ کے ساتھ مل کر سوہاوہ شہر میں ناجائز رکشہ پارکنگ ختم کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے سوہاوہ اور ڈومیلی میں ناجائز منافع خوروں اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے گرینڈ آپریشن کیا، ڈومیلی میں متعدد ناجائز منافع خوروں کو جرمانے عائد کیے جبکہ سوہاوہ شہر میں این ایچ اے انتظامیہ کے ساتھ سروس روڈ پر قابض غیر قانونی رکشہ پارکنگ کو ختم کر دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے انکروچمنٹ آفیسر شہزاد کے ہمراہ سوہاوہ بازار میں غیر قانونی تجاوزات اور ناجائز منافع خور دکانداروں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو ناجائز منافع خوری کا مرتکب پا کر جرمانے عائد کیے۔

اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ناجائز منافع خوروں اور بالخصوص غیر قانونی رکشہ پارکنگ کے خلاف کارروائی پر شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ انعم بابر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ ہم مہنگائی کے ماروں کو مزید لٹنے سے بچانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔

اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اس مقصد کے لئے میرے آفس کے دروازے ہر خاص و عام کے لئے کھلے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے تجاوزات کرنے اور ناجائز منافع خوروں کو سختی سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر اپنا قبلہ درست کر لیں ورنہ انتظامیہ سے کسی قسم کی رعایت کی امید نہ رکھیں عوام کی خدمت ہماری اولین ذمہ داری ہے جسے بلا تفریق ہر صورت نبھائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button