موٹروے پولیس نے 3 سالہ معصوم گمشدہ بچی کو ماں باپ سے ملا دیا

جہلم نارتھ 5-II بیٹ آئی ایم ڈی سی ،موٹروے پولیس نے 3 سالہ معصوم گمشدہ بچی کو ماں باپ سے ملا دیا۔ والدین بچی سے لپٹ کا آبدیدہ ہو گئے ، موٹروے پولیس کو ڈھیر ساری دعائیں اور خراج تحسین پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس کے افسران، پٹرولنگ آفیسر نوید اورپٹرولنگ آفیسر علی عباسی معمول کی گشت پر تھے کہ انہوں نے لوئر ٹوپا کے قریب 53 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک بچی کو اکیلے پایا، جس کی عمر 3 سال تھی۔ افسران نے بچی کے ورثاء کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کر دیں۔
وائرلیس کے ذریعے تمام موبائلز پر میسجزبھیجے اور آس پاس موجود لوگوں سے پوچھ گچھ کی۔ بچی کے والدجن کا تعلق فیصل آباد سے تھا، واپس جاتے ہوئے ٹول پلازہ پھلگراں پر پہنچے تو اپنی دوسری گاڑی جس میں دیگر عزیز سوار تھے، بچی کی بابت پوچھا تو معلوم ہوا کہ فیصل آباد کے رہائشی جن کی بچی لاپتہ ہے جس کا نام ماہنور ہے۔
بچی کے والدین کرب اور پریشانی کی حالت میں موٹر وے پولیس کے ڈیوٹی پر موجود بریفنگ افسران سے رابطہ کیا جس پر اْنھیں بتایا گیا کہ اْن کی بچی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔یہ سننے کے بعد والدین خاص طور پر ماں کی جان میں جان آئی۔
بعد ازاں بچی کو والدین کے حوالے کر دیا گیا جو محکمہ کی اس بے لوث خدمت پر پرْ نم آنکھوں سے شکریہ ادا کیا اور محکمہ کی استقامت کے لیے ڈھیر ساری دعائیں دیں۔