جہلم

ضلعی انتظامیہ جہلم شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تاحال کوئی بھی قابل عمل اقدامات نہ اٹھا سکی

جہلم: حکومتی احکامات کے باوجود ضلعی انتظامیہ شہر میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمہ کیلئے تاحال کوئی بھی قابل عمل اقدامات نہ اٹھاسکی۔

اندرون شہر کی سڑکوں سمیت شہرکے بازاروں میں تجاوزات مافیا نے اسقدر پنجے گاڑ رکھے ہیں کہ انتظامیہ سمیت کوئی بھی ذمہ دار آفیسر شہر کی سڑکوں، بازاروں میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کر نے سے قاصر ہے۔

شہر کی اہم سڑکوں جن میں سول لائن روڈ، نیا بازار، شاندار چوک، اولڈجی ٹی روڈ، روہتاس روڈ چوک، بلال ٹاؤن، کالا گجراں، میجر اکرم شہید روڈ، ڈھوک جمعہ روڈ، کچہری روڈ، کمیلا روڈ، پولیس لائن روڈسمیت دیگر سڑکوں ، چوک چوراہوں پر غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز اور سبزی فروٹ سمیت دیگر اشیاء فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں نے مکمل طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔

دن اور شام کے وقت ریڑھیوں اور رکشوں کی بھرمار کے باعث مذکورہ سڑکیں سکڑ کر محض چند فٹ تک رہ جاتی ہیں جن پر گاڑیوں کا گزرنا تو درکنار بعض اوقات پیدل چلنا بھی محال ہوجاتا ہے، سڑکوں پر غیر قانونی تجاوازت کے باعث ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوتی ہے اور بعض اوقات ٹریکٹر ٹرالیوں، لوڈر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں جس کی وجہ سے ذاتی گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔

مجوزہ گھمبیر صورتحال سے دوچار عوام جن کو آمدورفت کے ضمن میں سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومتی سطح پر بلند وبانگ دعوے تو کیئے جاتے ہیں لیکن عملی صورتحال ان حکومتی دعووں کے برعکس ہے اور تاحال شہر کی رابطہ سڑکوں بازاروں اور اہم سڑکوں کو غیر قانونی تجاوزات مافیا سے آزاد نہیں کرایا جاسکا اور نہ ہی کسی عملی کوشش کی باقاعدہ منصوبہ بندی سامنے آ رہی ہے۔

سڑکوں کے ساتھ ساتھ بازاروں میں غیر قانونی تجاوزات کے باعث شہریوں باالخصوص معمر افراد اور خواتین کا پیدل چلنا بھی محال ہوچکا ہے۔

شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button