
جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی غیر فعال دکانداروں نے ملاوٹ شدہ مصالحے فروخت کرنے شروع کر دیئے۔ شہری سراپا احتجاج، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں دودھ، دیسی گھی، اچار، کیچپ، چائے کی پتی، ہلدی، سرخ مرچ، نمک، مصالحہ جات، آئس کریم، کولڈ ڈرنکس اور باقی ملاوٹ مافیا کے ساتھ متعلقہ محکموں کے اہلکاروں کی بھی موجیں، کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کا دھندہ عروج پکڑ گیا۔ شہری موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے۔ کوئی ادارہ پوچھنے والا نہیں۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر سمیت ضلع بھر میں ملاوٹ مافیا کا راج قائم ہو چکا ہے، فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ ذمہ داران لمبی تان کر سوگئے ہیں۔
شہریوں یوسف، حمزہ، محمد ادریس، محمد جنید ودیگر کا کہنا ہے کہ ملاوٹ کرنا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز کے مطابق قانونی جرم ہے اس ضمن میں ملاوٹ مافیا کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جانی چاہیے، تاجر وں کا کہنا ہے کہ چند بااثر دکانداروں کی وجہ سے تمام دکاندار بدنام ہو رہے ہیں، ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور جہاد کر کے ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچاناقانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کو دفتروں سے شہر کے بازاروں، مارکیٹوں، دکانوں میں بھجوایا جائے اور ملاوٹ مافیا کے خلاف مقدمات درج کروانے کا پابند بنایا جائے تا کہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردونوش خرید کر استعمال کر سکیں۔