جہلم

تمام تر رکاوٹوں اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود لاہور جلسہ انتہائی کامیاب رہا۔ فراز چوہدری

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ضلعی جنرل سیکرٹری فراز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ تمام تر رکاوٹوں اور منفی ہتھکنڈوں کے باوجود مینار پاکستان لاہور کا جلسہ انتہائی کامیاب رہا، حکومت نے عوام کو جلسے میں شرکت سے روکنے کیلئے تمام حربے استعمال کئے موسم کی خرابی اور حکومتی رکاوٹوں کے باوجود لوگوں نے جلسے میں شرکت کر کے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے ساتھ اپنی والہانہ وابستگی اور محبت کا ثبوت دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک مزید کسی سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا حکمران جماعتوں اور مخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے اب شفاف غیر جانبدار اور بروقت الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں ، حکومت تمام حیلے بہانے چھوڑ کر قوم و ملک کی بہتر جمہوریت کے استحکام اور ملک کی سلامتی و سالمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے شفاف الیکشن کی راہ میں رکاوٹیں نہ ڈالیں۔

فراز حسین چوہدری نے کہا کہ جلسے میں شرکت کرنے سے روکنے کیلئے جہلم سمیت پنجاب بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے سرکردہ رہنماؤں عہد یداروں اور کارکنوں کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے اب چھاپوں اور گرفتاریوں سے بات آگے نکل چکی ہے قوم اب حقیقی تبدیلی اور آزادی کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ضلع جہلم کے عہدیدار کارکن اور عوام اپنے قائد فواد حسین چوہدری کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کو مضبوط بنانے اورآمدہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پوری طرح متحد ہیں اور انشاءاللہ اپنے قائد چوہدری فواد حسین کی ہر کال پر لبیک کہتے ہوئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے گزشتہ ہفتے گرفتار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔گرفتاریوں سے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔

اس موقع پر چوہدری رضوان منور، خادم اللہ بٹ، ملک نسیم خالد، چوہدری تاج محمد، مرزا آصف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button