جہلم

جہلم میں نجی ویلفیئر تنظیم کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب، دلہنوں کو مکمل جہیز دیا گیا

جہلم: نجی ویلفیئر تنظیم کے زیر اہتمام 27 جوڑوں کو شادی کے بندھن میں باندھ دیا گیا، شادیوں کی تقریب میجر محمد اکرم شہید پارک میں منعقد ہوئی جس میں 27 دلہوں کو بینڈ باجوں کی دھنوں کے ساتھ پنڈال میں لایا گیا۔

تنظیم کے بانی اسلام قریشی کا کہنا ہے کہ نکاح ایسا خوبصورت اور حسین بندھن ہے جو پوری زندگی خوشگوار اور گناہوں سے پاک ہونے میں بڑا معاون ثابت ہوتا ہے، دین اسلام میں نکاح جیسی سنت کو پسند فرمایا گیا کیونکہ نکاح کے بندھن کے بغیر گزری جانے والی زندگی نہ صرف ادھوری ہوتی ہے بلکہ انسان مختلف جسمانی اور نفسیاتی بیماریوں کا شکار ہو کر اپنی زندگی کو عذاب سمجھنے لگتا ہے۔

اسلام قریشی نے دولہوں اور دلہنوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شادی میں کامیاب زندگی گزارنے کا ایک اہم راز ہے جو اس راز کو پالیتا ہے وہ ہمیشہ کامیابی کے زینے پر ہی قائم رہتا ہے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی ڈویژن چوہدری محمد سیف انور جپہ، سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی چوہدری قربان حسین،جاوید قریشی، عبدالغفور بٹ، صدر جہلم پریس کلب محمد شہباز بٹ، صدر الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود، چوہدری بابر حسین ، چوہدری دانیال عابد، شاہین ڈار، عامر سلیم میر، عبدالغفار آذاد ، سید ناصر محمود، چوہدری تصور حسین سمیت سینکڑوں شخصیات موجود تھی۔

اس موقع پر نجی ویلفیئر تنظیم کے صدر عامر سلیم میر نے کہا کہ خوبصورت زندگی کیلئے ایک بہترین نیک اور خوب سیرت لائف پاٹنر کا ہونا ضروری ہے جو آ پکی ذات سے جڑے ہوئے ہر احساس کو سمجھتے ہوئے خیال ر کھے کیونکہ مسلم معاشرے میں شادی ایک لازوال نعمت ہے ورنہ غیر مسلموں کی اگر زندگیوں کا بغور مشاہدہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ جہاں انہیں زندگی کی ہر سہولت میسر ہوتی ہے لیکن شادی جیسی نعمت سے اکثر لوگ محروم ہی رہ کر نہ صرف ساری زندگی گناہ ِ کبیرہ کرتے ہیں بلکہ نفسیاتی بیماریوں اور خاندانی مسائل کا بھی شکارہو جاتے ہیں، شادی کے بندھن میں بندھنے والے جوڑوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم ویلفیئر تنظیم کے تعاون سے سنت نبوی ؐ کے مطابق زندگیاں بسر کریں گے، اللہ رب العزت اسلام قریشی ان کے اہلخانہ اور نجی تنظیم کیساتھ تعاون کرنے والے ہر شخص کو مزید رزق عطاء فرمائے تاکہ مخیر حضرات مستحق افراد کے لئے آسانیاں تقسیم کرتے رہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button