ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو صوبائی سطح سے ملکی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔ نعمان حفیظ

جہلم: پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ فیسٹیول کی تقسیم انعامات کی تقریب ضلع کونسل ہال جہلم میں ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ کی زیرصدارت منعقد ہوئی۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، سی ای او ایجوکیشن، ڈی ای او ایلیمنٹری عبدالحفیظ، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن سپورٹس میاں شبیر، ایجوکیشن آفیسرز، ہیڈ ماسٹرز، ٹورنامنٹ آفیشلز اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے جیتنے والے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹورنامنٹ آفیشلز میں نقد انعامات، ٹرافیاں اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ضلعی سپورٹس آفس کی جانب سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو صوبائی سطح سے ملکی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے اور نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں، نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب مائل کرنے کے لیے اپنی طرف سے تمام تر اقدامات بروئے کار لا رہا ہوں۔