میونسپل کمیٹی جہلم کی کمرشل پراپرٹی میں کرایہ کے نادہندگان تاجروں کے خلاف آپریشن، 5 دکانیں سیل

جہلم: بلدیہ کی کمرشل پراپرٹی میں کرایہ کے نادہندگان تاجروں کے خلاف آپریشن، پانچ دکانیں سیل جبکہ ان کا ذمہ 1 کروڑ 65 لاکھ روپے کرایہ بقایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جہلم کی کمرشل پراپرٹی کے کرایہ کی مد میں 88 دکانوں کے کرایہ داروں کے ذمہ 12 کروڑ 40 لاکھ روپے بقایا ہیں جبکہ انہیں متعدد بار کرایہ جمع کرانے کے ضمن میں نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔
رینٹ انسپکٹر میونسپل کمیٹی افسر خان نے دکانیں سیل کرنے کے بعد تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ آج 2 دکانیں تحصیل روڈ، 2 شاندار چوک اور ایک احاطہ میں واقع دکان کو سیل کیا گیا ہے جن کے ذمہ کرایہ 1 کروڑ 65 لاکھ روپے ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم شہر میں میونسپل کمیٹی کی 88دکانوں کے ذمہ کرایہ 12کروڑ 40لاکھ روپے ہے جس کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی نعمان حفیظ کے احکامات پر کرایہ کی ریکوری کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جن تاجروں کے ذمہ جو کرایہ بقایا ہے وہ جلد سے جلد اپنے واجبات جمع کروائیں جبکہ 20تاجروں کے ذمہ دکانوں کے بقایا جات 5کروڑ سے زائد بقایا ہیں جبکہ اگر تاجروں نے کرایہ جمع نہ کروایاتو دکانیں سیل کرنے کا عمل جاری رہے گا اور یہ رومرہ کی بنیاد پر ہوگا۔