زائرین سال میں صرف ایک بار روضہ رسولﷺ میں داخل ہو سکیں گے

مدینہ منورہ: مسجد نبویﷺ جانے والے زائرین اب سال میں صرف ایک بار روضہ رسولﷺ میں داخل ہو سکیں گے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا کہ روضہ رسولﷺ میں داخلے کا اجازت نامہ سال میں صرف ایک ہی بار جاری کیا جائے گا اور کسی بھی زائر کو دوسری بار روضہ رسولﷺ میں داخل ہونے کیلئے ایک سال انتظار کرنا پڑے گا۔

سعودی وزارت حج وعمرہ نے بتایا کہ روضہ شریفﷺ میں داخلے کیلئے اجازت نامہ صرف نسک یا توکلنا ایپ سے ہی ممکن ہوگا، روضہ رسولﷺ میں داخلے کا اجازت نامہ حاصل کرنے والے خواہشمند افراد کا کورونا وائرس سے متاثر نہ ہونے یا اس سے متاثرہ افراد سے میل ملاپ نہ رکھنے سے مشروط ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران زائرین کی ریکارڈ تعداد نے مسجد نبوی ﷺ میں عبادت کی سعادت حاصل کی، مسجد نبوی کے امور کی نگرانی کرنے والی جنرل اتھارٹی نے بتایا کہ 8 سے 15 دسمبر 2023 کے درمیان تقریبا 51 لاکھ 19 ہزار زائرین نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دی، 15 ہزار 295 بزرگوں اور خصوصی ضروریات کے حامل افراد نے نامزد سائٹوں تک رسائی حاصل کی جبکہ مختلف زبانوں میں ترجمہ کی خدمات کو مختلف قومیتوں کے 87 ہزار446 افراد نے استعمال کیا۔

اس کے علاوہ مسجد کی لائبریری نے 13 ہزار 584 زائرین کو اپنی جانب راغب کیا۔ 4 ہزار 783 لوگوں نے نمائشوں اور عجائب گھروں کی تلاش کی اور 8 ہزار 638 نے فون سروسز ودیگر مواصلاتی ذرائع کا استعمال کیا، اتھارٹی نے زمزم کے پانی کی 1 لاکھ 11 ہزار 600 سے زیادہ بوتلیں اور 92 ہزار 992 افطار باکس تقسیم کیے، نمازیوں اور زائرین میں 42 ہزار 125 تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔

بتایا جارہا ہے کہ ایرانی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد میں سعودی عرب آمد کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ ماہ 85 ہزار ایرانی زائرین عمرہ ادا کرنے سعودی عرب پہنچیں گے، ایرانی عمرہ زائرین کی بڑی تعداد 2 جنوری کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے گی، وہاں سے ایرانی عمرہ زائرین مدینہ منورہ جائیں گے اور عمرہ ادائیگی کے لیے مکہ معظمہ واپس آئیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button