پنڈدادنخان

پنڈدادنخان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے مرکزی انجمن تاجران کا امدادی کیمپ قائم

پنڈدادنخان شہر میں بھی مختلف جگہوں پر سیلاب زدگان کی امداد کے لئے کیمپ قائم کر دیئے گئے جن میں نہ صرف مخیر حضرات بلکہ اپنی استطاعت کے مطابق انسانیت کا درد رکھنے والا ہر شخص اپنا کچھ نہ کچھ حصہ ڈال رہا ہے۔

اس حوالے سے تاجر برادری کا کہنا ہے کہ آپ بھی مت سوچئے کہ آپ کے دیئے ہوئے تھوڑے یا زیادہ سے سیلاب زدگان کو کیا فائدہ پہنچ سکتا ہے، خدارا گھروں سے نکل آئیے اور ان کیمپوں پر جاکر اپنی طاقت کے مطابق امداد جمع کرائیں تاکہ بروقت بھوک اور پیاس سے بلکتے بچوں بیماروں اور کھلے آسمان تلے رہائش رکھے ہوئے سیلاب زدگان تک اپ کی امداد پہنچائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو معلوم ہے کہ قیامت خیز بارشوں اور اور سیلاب کے بعد سیلاب زدہ علاقوں میں قیامت صغریٰ برپا ہوئے، ہزاروں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں تو لاکھوں لوگ اپنے مکان گنوا بیٹھے ہیں جبکہ کروڑوں لوگ اس سے متاثر ہو کر سڑکوں پر آ چکے ہیں۔

انہوں نےکہا کہ لوگوں کے پاس گھر باقی نہ سامان، سیلاب سے متاثر عورتیں، بچے اور بڑے بے کسی کی مثال بنے ہوئے ہیں، ہر طرف پانی ہی پانی بھوک افلاس کے ڈیرے ہیں، کھلے آسمان تلے سڑکوں کے کنارے رہائش پذیر متاثرین کی تکلیف کا مداوا کرے تو آخر کون؟

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے بعد انسانیت کا درد رکھنے والے ہی ان کا مداوا بن سکتے ہیں، مت سوچیئے کہ ہمارے دس بیس پچاس سے کیا بنے گا، گھروں سے نکلیے اور شہر میں بنے ہوئے امدادی کیمپوں پر پہنچیں اور اپنی استطاعت کے مطابق جو کچھ آپ بھی دے سکتے ہیں، امداد دیجئے تاکہ سوشل ورکر بروقت آپ کی دی ہوئی چیزوں کو لوگوں تک پہنچا کر بھوک اور افلاس سے پیدا ہونے والے کسی نئے المیے کو روک سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button