جہلماہم خبریں

کالعدم تنظیم کے مارچ کو روکنے کیلئے جہلم پل مکمل سیل، انٹرنیٹ سروس معطل، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

جہلم: کالعدم تنظیم کے مارچ کو روکنے کیلئے جہلم پل مکمل سیل، جہلم اور دینہ میں متعدد مقامات پر جی ٹی روڈبند، انٹرنیٹ سروس معطل، رینجرز سمیت پولیس کے 4 ہزار اہلکار تعینات ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا۔

تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیم کے مارچ کو روکنے کے لیے جہلم پل کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا جبکہ جہلم اور دینہ میں متعدد مقامات پر کنٹینر لگا کر جی ٹی روڈ ایک سائیڈ سے بند کر دی گئی، ضلع جہلم میں رینجرز سمیت پولیس کے چار ہزار اہلکار تعینات ہیں۔

جہلم اور دینہ میں گزشتہ روز سے انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آمدورفت معطل ہونے کے باعث اشیائے خوردونوش،پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں جبکہ پٹرول بھی نایاب ہونے لگا ہے۔

ادھر لاہور سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینیں معطل کر دی گئیں۔پشاور اور راولپنڈی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو متبادل راستوں سے لاہور روانہ کیا جارہا ہے۔ گرین لائن کو راولپنڈی سے لاہور کے لیے آج کے روز معطل کردیا گیا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مظاہرین کو جی ٹی روڈ جہلم پر روکنے کا فیصلہ کرلیا، جہلم میں پل کنٹینر رکھ کر بند کرکے رینجر تعینات کر دی گئی۔ وزیراعظم کو ٹی ایل پی کے احتجاجی مارچ پر بریفنگ دی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button