جہلم

حضور کریم ﷺ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ چوہدری فوق شیرباز

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار حلقہ این اے 60 چوہدری فوق شیر باز نے ربیع الاول کی آمد کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ربیع الاول کا مقدس مہینہ نہ صرف امت مسلمہ بلکہ تمام بنی نوع انسان کے لئے رحمت و برکت کا باعث ہے۔ اس ماہ جلیل کی حقیقی مسرت اور کامیابی تعلیمات نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضور کریم ﷺ کی تعلیمات پوری انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ اور زندگی گزارنے کا بہترین نمونہ ہے، اس ماہ مبارک کے حوالے سے تقریبات مناتے ہوئے ہمیں یہ بات ضرور سوچنی ہے کہ آج ہم بحیثیت امت مسلمہ کیا وہ مقصد عظیم پورا کر رہے ہیں جومحسنِ انسانیت کے اس عالم میں آنے کا موجب تھا؟ ،کیا ہم سیرت رسول ﷺ اور نظام اسلام کی آبیاری و بحالی کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پراپنے اپنے فرائض پورے کر رہے ہیں؟۔

چوہدری فوق شیرباز نے کہا کہ آج انسانی نظام حیات زبوں حالی کا شکار ہے اور نبی کریم ﷺ کے لائے ہوئے آفاقی نظام زندگی کے نفاذ میں قدم قدم پر رکاوٹیں حائل ہیں۔ حضرت محمد ﷺ کے نام لیواؤں کو صرف اور صرف مسلمان ہونے کے جرم کی پاداش میں نشانہ بنایا جا رہا ھے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام حالات کے تناظر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کی یادتازہ کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم رسول ﷺکے لائے ہوئے پیغام کو عام کریں، اپنی زندگیاں اسوہ حسنہ کی روشنی میں بسر کریں اور زندگی کے جس پہلو سے بھی ہم وابستہ ہیں اسے تعلیمات نبوی ﷺ کے سانچے میں ڈھالیںایسا کرتے ہوئے ہم حب رسول ﷺ کے تقاضے بھی پورے کریں گے اور ربیع الاول کی مسرت کی حقیقی روح تک پہنچ سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button