جہلم شہر کے متعدد پوش علاقے آج کے ترقی یافتہ دور میں بنیادی سہولتوں سے محروم

جہلم: شہر کے متعددپوش علاقے آج کے ترقی یافتہ دور میں بنیادی سہولتوں سے محروم ، منتخب عوامی نمائندوں نے لاہور اور اسلام آباد کو اپنا مسکن بنا لیا ،ترقیاتی کاموں کے جھوٹے دعووں سے شہری بیزار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے پوش علاقوں نئی آبادی محلہ کریم پورہ، مجاہد آباد، قیصر آباد ، رشیدآباد، مخدوم آباد سمیت شہر کی دیگر آبادیاں سوئی گیس کی سہولت سے محروم ہیں۔
اہلیان علاقہ نئی آبادی محلہ کریم پورہ، مجاہد آباد، قیصر آباد ، رشیدآباد، مخدوم آبادمیں ابھی تک سوئی گیس کی پائپ لائن نہیں بچھائی گئی جبکہ چند گز کے فاصلے پر سوئی گیس موجود ہے جس کی وجہ سے اہلیان علاقہ کو دور جدید میں بھی لکڑ یاںجلا کر کھانا پکانا پڑتا ہے ۔ جس کی وجہ سے گھریلو خواتین زہریلے دھوئیں سے دمے اور سانس کے موذی امراض میں مبتلا ہو رہی ہیں۔
اہل علاقہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،و زیر اعلیٰ پنجاب ، وفاقی وزیر پٹرولیم سے مطالبہ کیا ہے کہ مزکورہ علاقوں میں سوئی گیس کے کنکشن فراہم نہ کرناعوام کش پالیسیوں کی نشانی ہے۔
اہلیان علاقہ نے کہا کہ انتخابات کے وقت عوامی نمائندے جھوٹے دعوے کر کے سادہ لوح عوام سے ووٹیں حاصل کرتے ہیں اور منتخب ہونے کے بعد حلقہ کے عوام کے مسائل کو حل کروانے کے لئے کیے گئے بلند و بانگ دعوے بھلا دیتے ہیں،منتخب نمائندوں نے مزکورہ علاقوں کے رہائشیوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اپنا رکھا ہے جس کی وجہ سے آج کے ترقی یافتہ دور میں شہر سے ملحقہ آبادیوں کے رہائشی پتھر کے زمانے کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔
اہلیان علاقہ نے کہا کہ آمدہ عام انتخابات کے موقع پرجانچ پڑتال کے بعد نمائندوں کو منتخب کریں گے جن نمائندوں میں شہریوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہوگی انہیں قریب بھی نہیں پھٹکنے دیا جائے گا۔