جہلم

احساس راشن پروگرام کی ایس ایم ایس سروس غیر فعال، غریب افراد حکومتی راشن مہم سے مستفید نہ ہو سکے

جہلم: احساس راشن پروگرام کی 8171 ایس ایم ایس سروس غیر فعال، غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے افراد حکومتی راشن مہم سے مستفید نہ ہو سکے ۔

حکومت نے احساس راشن پروگرام کے تحت شہریوں کو 8171 پر میسج کرکے رجسٹرڈ ہونے کے احکامات جاری کئے تھے۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جہلم کا دورہ بھی کیا انہوں نے جہلم اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جن گھرانوں کی ماہانہ آمدنی 50 ہزارسے کم ہے وہ اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔

ثانیہ نشتر نے کہا تھا کہ پروگرام سے 2 کروڑ مستحق گھرانے مستفید ہوں گے، نیشنل بینک کے ساتھ احساس راشن رعایت پروگرام پر عملدرآمد کی تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں، احساس رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں 1 کروڑ 95 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 93 لاکھ گھرانوں نے درخواستیں جمع کروائیں۔

ثانیہ نشتر نے کہا تھا کہ کریانہ دکانداروں کی احساس راشن رجسٹریشن بھی بذریعہ پورٹل کی جارہی ہے۔ جبکہ 2 ماہ سے زائد کاعرصہ گزرجانے کے باوجود غریب مستحق گھرانوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہری آج بھی 8171 پر میسجز کر رہے ہیں لیکن سروس کے غیر فعال ہونے کیوجہ سے شہریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

شہریوں نے وزیراعظم پاکستان ، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے مطالبہ کیاہے کہ احساس پروگرام کو فعال بناتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ تنخواہ دار طبقہ سے تعلق رکھنے اور محنت مزدوری کرنے والے افراد اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button