پنڈدادنخان میں گرانفروشوں کیخلاف ایکشن، متعدد گودام سیل، بھاری جرمانے، مقدمات درج

پنڈدادنخان: ذخیرہ اندوزوں، گراں فروشوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا آغاز، ہزاروں روپے نقد جرمانہ، متعدد گودام سیل، کئی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف پرچے درج، جلالپور شریف اور دھریالہ جالپ میں بھی کارروائی کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پنددادنخان کی خصوصی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک و سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈاکٹر سید ظفر عباس نے پنڈدادنخان کھیوڑہ اور گردونواح کے کئی علاقوں میں ذخیرہ اندوزوں مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں ناقص اور مہنگا گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں روپے نقد جرمانہ، کھاد کریانہ اور دیگر اجناس ذخیرہ کرنے والے متعدد گوداموں کو سیل کر دیا گیا اور متعدد قصابوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئیں۔
پرائس کنٹرول سپیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ رمضان المبارک میں روزے داروں کو اشیا خوردونوش کی فراہمی کو کنٹرول ریٹ پر فروخت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ناقص اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کی فوری نشاندھی کی جائے تاکہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جا سکے۔
عوامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ جالپ اور جلالپور شریف میں بھی گرانفروشوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔