کسانوں کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے کسانوں کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے پنجاب کسان اتحاد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پنجاب کسان اتحادکے وفدکی قیادت صدر راولپنڈی ڈویژن آفتاب ساہی نے کی، وفد میں ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں سے کسان اتحادکے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ افسران نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں کھادکی فراہمی، تقسیم کار پوائنٹس اور طریقہ کار کی تفصیلات بارے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری معیشت میں زراعت کا بنیادی کردار ہے کسانوں کو ہرحوالے سے سہولت فراہم کرناہماری ذمہ داری ہے اوراس حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لا کر کسانوں کے مسائل حل کئے جائیں گے اجلاس میں کسان اتحادکے تمام تحصیل نمائندوں نے شرکت کی اور اپنے علاقوں میں درپیش مسائل اور مشکلات سے آگا ہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ ضلع بھرمیں سرکاری نرخوں پریوریا کھادکی فراہمی کویقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں چیکنگ کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یوریا کھادکے حوالے سے تمام اقدامات فوری مکمل کرنے اور آئندہ کاشت ہونے والے فصلوں کے سلسلہ میں محکمہ کے افسران کو کسان اتحاد پنجاب کیساتھ مکمل تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اچانک چھاپے مارے جائیں گے یوریاکھادکی ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخوں کی فراہم کرنے والے عناصرکو سخت قانونی کارروائی کاسامنا کرناپڑے گا۔