جہلم میں سڑک حادثات میں بچھڑنے والوں کا عالمی دن منایا گیا۔ جو سڑک حادثات میں دنیا سے رخصت یا زخمی ہو گئے ہم ان کو نہیں بھولے، اسی لئے سڑک حادثات کا شکار ہونے والوں کے عالمی دن کے موقع پر قیمتی انسانی جانیں بچانے کی عملی آگاہی و جانے والوں کو یاد اور ان کے لئے دعا کی گئی۔
تقریب پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی و موٹر وے پولیس کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔تقریب میں ریسکیو 1122 جہلم کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد، سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس سجاد بھٹی، ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی فراز خان، اسٹیٹ آفیسر میاں فیصل، صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ و ریسکیو اہلکاران، موٹر وے اہلکاران، رضاکاران و یونیورسٹی طلباء وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ڈائریکٹر و اسٹیٹ آفیسر پنجاب یونیورسٹی نے سیفٹی کے حوالے سے اور اوور ہیڈ بریج کی اشد ضرورت کا بتایا اور مستقبل میں روڈ سیفٹی کی مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے سڑک حادثات کے حوالے سے اعدادوشمار بتائے، اس سال ماہ اکتوبر تک اب تک چھوٹے سے شہر جہلم میں 2600 سڑک حادثات ہو چکے جسے صرف ریسکیو 1122 نے ڈیل کیا۔
سیکٹر کمانڈر موٹر وے پولیس سجاد بھٹی نے سڑک حادثات سے بچاؤ ‘ روڈ سیفٹی میں شامل عوامل نیز ڈرائیونگ کرتے اپنی ذہنی حالت کو کنٹرول کرنے کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ نے کہا کہ جو غلطی یا تکلیف ہم دیکھ رہے ہیں ہم نہیں چاہتے کوئی اور دیکھے، نیز طلباء وطالبات کو بتایا کہ آپ شاید نہ سوچتے ہوں لیکن خدا نخواستہ آپکے والدین کے لئے آپکی تکلیف ناقابل برداشت ہو گی۔
بعد ازاں ٹریفک حادثات میں جانے والوں کی دعائے مغفرت و زخمیوں کی صحت یابی کی اجتماعی دعا کی گئی۔ سوسائٹی کی جانب سے بائیک پر آنے والے یونیورسٹی گارڈز کو ہیلمٹ اور روڈ سیفٹی کے درست جوابات دینے پر طلباء وطالبات کو موٹر وے پولیس کی جانب سے تحفے دیئے گئے۔
نیز ریسکیو رضاکاران ٹیم نے عملی طور پر مختلف ایمرجنسی ٹراما سے نمٹنے کا بہترین مظاہرہ کیا جسے تمام شرکاء نے سراہا کہ عوام الناس تک یہ شعور پہنچ جائے تو بے شمار قیمتی انسانی جانیں بچ سکتی ہیں۔
آخر میں شرکاء تقریب نے سڑک حادثات میں بچھڑنے والوں کی یاد و روڈ سیفٹی کی یاد دہانی کے لئے واک کی۔اللہ تعالیٰ آپ و آپ کے پیاروں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔